دنیا
Time 20 اگست ، 2019

ٹرمپ کا مودی کو فون، پاک بھارت تناؤ کم کرنے کی ضرورت پر زور


واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے گفتگو میں کشیدگی کم کرنے اور امن قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس ہوگن گِڈلے کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں صدر ٹرمپ نے پاک بھارت تناؤ کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ٹرمپ نے خطے میں امن برقرار رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات اور دوبارہ ملاقات کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی صدر نے بھی ٹوئٹر بیان میں کہا کہ'دو اچھے دوست وزیراعظم پاکستان عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے  تجارت اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ پر بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے ساتھ کشمیر کے معاملے پر پاکستان اور بھارت سے تناؤ اور کشیدگی کم کرنے کے اہم ترین موضوع پر گفتگو ہوئی۔صورتحال بڑی تشویش ناک ہے مگر بات چیت بڑی اچھی رہی۔






خیال رہے کہ 16 اگست کو پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلی فون کرکے کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

صدرٹرمپ نے عمران خان سے گفتگو میں بھی کشمیر میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاک بھارت باہمی مذاکرات پر زور دیا۔

مزید خبریں :