کھیل
Time 20 اگست ، 2019

پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن کیلئے 3 رکنی آزاد سلیکشن پینل تشکیل دے دیا

مصباح الحق، راشد لطیف اور ندیم خان پر مشتمل تین رکنی آزاد پینل 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کیلئے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مشاورت کرے گا— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن کیلئے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کے عمل کا جائزہ لینے کیلئے 3 رکنی آزاد ماہرین پر مشتمل پینل ترتیب دے دیا جس میں مصباح الحق، راشد لطیف اور ندیم خان شامل ہیں۔

مصباح الحق، راشد لطیف اور ندیم خان پر مشتمل تین رکنی آزاد پینل 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کے انتخاب کیلئے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مشاورت کرے گا اور سابق سلیکشن کمیٹی کے ساتھ ساتھ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے تیار کردہ ابتدائی اسکواڈ کا جائزہ لے گا۔

آزاد پینل تمام ایسوسی ایشنز کیلئے 32 کھلاڑیوں کو حتمی شکل دینے کے ساتھ فرسٹ اور سیکنڈ الیون کیلئے کپتانوں کا نام بھی تجویز کرے گا۔

حتمی کھلاڑیوں کو پی سی بی ایک سال کیلئے کنٹریکٹ دے گا۔ پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کا کہنا ہے کہ پینل کے اراکین ڈومیسٹک کرکٹ میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، امید ہے کہ متواز ن اسکواڈز سامنے آئیں گے۔

کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں آئندہ سیزن میں قائد اعظم ٹرافی، ٹی ٹوئنٹی کپ اور پاکستان ون ڈے کپ میں حصہ لیں گی۔ ڈومیسٹک سیزن 12 ستمبر سے اگلے برس 24 اپریل تک جاری رہے گا۔

مزید خبریں :