21 اگست ، 2019
مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں انہوں نے خیبر پختونخوا میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز پر اجلاس طلب کرنے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
بل گیٹس نے پولیو کے خاتمے میں کی جانے والی کوششوں پر حکومت پاکستان کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کو ختم کرنے کے لیے والدین کے ذہنوں سے شکوک و شبہات نکالنا انتہائی ضروری ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے بانی نے مزید لکھا کہ حفاظتی ٹیکہ جات ای پی آئی پروگرام پر حکومت کی خصوصی توجہ درکارہے۔
بل گیٹس نے پولیو کے علاوہ حکومت کے احساس پروگرام کی بھی تعریف کرتے ہوئے ستمبر میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔