Time 21 اگست ، 2019
پاکستان

نیب صرف میگا کرپشن کی تحقیقات کیلئے بنا ہے: وفاقی وزیر قانون

نیب کیسز میں ضمانت دینے کا اختیار اب ٹرائل کورٹ کو ملے گا اور ضمانت دینا یا نہ دینا ٹرائل کورٹ کا صوابدیدی اختیار ہوگا: بیرسٹر فروغ نسیم کی پریس کانفرنس— فوٹو: پی آئی ڈی 

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) صرف میگا کرپشن کے کیسز کی تحقیقات کیلئے بنا ہے اور کوشش کریں گے کہ اس کی توجہ وہیں رہے۔

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں قومی احتساب بیورو (نیب) قوانین پر غور و خوص کیا گیا اور کابینہ نے قوانین پر نظرثانی کی ہدایت کی۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے قانون بیرسٹر فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نیب صرف میگا کرپشن کی تحقیقات کیلئے بنا ہے اور کوشش کریں گے کہ اس کی توجہ وہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شخصیات تک نیب کی کارروائی کا اختیار ختم کریں گے، نیب کیسز میں ضمانت دینے کا اختیار اب ٹرائل کورٹ کو ملے گا اور ضمانت دینا یا نہ دینا ٹرائل کورٹ کا صوابدیدی اختیار ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوگا کہ آرٹیکل 199 میں رٹ پٹیشن فائل ہو اور ہائیکورٹ سے ضمانت لے لی جائے، پلی بار گین اور رضاکارانہ رقم واپسی کے حوالے سے بھی ترمیم ہوگی۔

یاد رہے کہ اپوزیشن رہنما و سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلے ہی مختلف احتساب قوانین رائج ہیں، وفاقی کابینہ کا نیب قوانین کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے۔

مزید خبریں :