دنیا
Time 25 اگست ، 2019

اسرائیل کی پڑوسی ممالک پر جارحیت، منہ کی کھانی پڑگئی

— فوٹو: فائل / اے پی

اسرائیل نے شامی دارالحکومت دمشق پر میزائل حملوں کے بعد لبنان میں بھی ڈرون حملے کیے ہیں۔ 

لبنانی حکام کے مطابق حزب اللہ کا گڑھ سمجھے جانے والے بیروت کے جنوبی علاقے میں فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایک ڈرون کو مار گرایا گیا جبکہ دوسرے کو فضا میں ہی تباہ کیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق لبنانی فوج نے اسرائیل کی جانب سے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے دونوں ڈرونز اسرائیل کے تھے جنہیں تباہ کیا گیا۔ 

دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہےکہ ایک اسرائیلی ڈرون حزب اللہ کے میڈیا دفتر کی عمارت کی چھت پر گرا جس سے تنظیم کا میڈیا سینٹر بری طرح متاثر ہوا جبکہ دوسرا ایک قریبی خالی پلاٹ میں گر کر تباہ ہوا۔

اسرائیل کی شام پر جارحیت

گزشتہ شب اسرائیل نے شام کے دارالحکومت دمشق میں فضائی حملہ کیا تھا تاہم شامی ائیر ڈیفنس نے زیادہ تر میزائلوں کو فضا میں ناکارہ بنادیا تھا۔

شامی سرکاری ٹیلی ویژن نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فضائیہ نے دشمن کی جانب سے فائر کیے جانے والے میزائل کو مار گرایا ہے۔

سیریئن آبزرویٹری کے مطابق دمشق میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے 2 کا تعلق حزب اللہ اور ایک ایرانی جنگجو شامل ہے تاہم دو افراد کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔

اِدھر اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ ایران کی جانب سے ڈرون حملوں سے بچنے کیلئے شام میں اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران دھماکا خیز مواد سے لدے ڈرون اسرائیل کے اندر بھیجنے کا منصوبہ بنا رہا تھا جس کے باعث یہ کارروائی کی گئی۔ 

اسرائیل نے دعویٰ کیا کہ دمشق کے جنوب مشرق میں القدس فورس اور دہشت گردی کے اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

مزید خبریں :