Time 25 اگست ، 2019
پاکستان

امارات کیجانب سے مودی کو اعزاز دینے پر پاکستان کا مؤقف سامنے آگیا


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا متحدہ عرب امارات کی جانب سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے پر مؤقف سامنے آیا ہے۔ 

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے بھارت سے اپنے تعلقات ہیں اور  پاکستان سے اپنے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اماراتی وزیر خارجہ سے ملاقات کا امکان ہے جس میں تمام حقائق اُن کے سامنے رکھیں گے، جب حقائق اُن کے سامنے آئیں گے تو یقین ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کو مایوس نہیں کرے گا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی تعلقات کا معاملہ جذبات سے بالاتر ہو کر دیکھنا ہوگا، ہر ملک کو دو طرفہ تعلق رکھنے کا حق ہے، حال ہی میں امارات نے پاکستان کی مدد کی ہے، تو ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے۔

وزیرخارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات اور ہندوستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پرانے تعلقات ہیں اور وہاں ہندوستان کے لوگ بھی آباد ہیں۔

’کوئی مسلمان ملک کشمیریوں کا درد محسوس نہیں کرتا تو کیا کہا جاسکتا ہے‘

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مسلمان ملک کشمیریوں کا درد محسوس نہیں کرتا تو کیا کہا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم ملکوں کی ایسی قیادت کا کیا فائدہ جو کشمیری مسلمان بھائی کےساتھ نہیں کھڑی ہوتی؟ 

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے مودی کو ایوارڈ دیے جانے سے پاکستانی عوام کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا تھا۔ اس کے بعد بحرین نے بھی مودی کو اعلیٰ ترین ایوارڈ سے نوازا ہے۔

مزید خبریں :