پیٹرول 4.59 روپے سستا کردیا گیا

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 127 روپے 14 پیسے فی لیٹر ہوگی— فوٹو: فائل 

وزرات خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ 

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 روپے سے زائد کی کمی کا اعلان کیا تھا۔ 

تاہم اب وزرات خزانہ کے نوٹیفکیشن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ 5 روپے 63 پیسے کمی گئی ہے۔ 

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 113 روپے 24 پیسے فی لیٹر ہو گی جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 5 روپے 33 پیسے کمی کے بعد 127 روپے 14 پیسے ہوگی۔ 

لائٹ ڈیزل آئل 5 روپے 63 پیسے کمی سے 91 روپے 89 پیسے فی لیٹر جب کہ مٹی کا تیل 4 روپے27 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد99 روپے57 پیسے فی لیٹر فروخت ہو گا۔

وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر کی رات 12 بجے سے ہوگیا۔

یاد رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم ڈویژن کو سمری ارسال کی تھی جس میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 50 پیسے کمی کی سفارش کی گئی تھی۔

اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں ساڑھے 4 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں ساڑھے 5 روپے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی تھی۔

مزید خبریں :