Time 01 ستمبر ، 2019
دنیا

لبنانی تنظیم حزب اللہ کا میزائل حملوں میں اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ

حزب اللہ کے حملوں کے بعد اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقے میں بمباری کی اور کئی گولے داغے ہیں — فوٹو: دی ٹائمز آف اسرائیل 

بیروت: لبنانی تنظیم حزب اللہ نے ٹینک شکن میزائل حملوں میں اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ 

اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے، لبنانی تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے میں اسرائیلی ملٹری بیس پر ٹینک شکن میزائل فائر کیے۔ 

حزب اللہ نے دعویٰ کیا کہ میزائل حملوں میں اسرائیلی ٹینک تباہ اور اس میں سوار اسرائیلی فوجیوں ہلاک ہوئے ہیں تاہم اسرائیل نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

اسرائیلی فوجی ترجمان نے حزب اللہ کی ٹینک شکن میزائل حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میزائل حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ 

حزب اللہ کے حملوں کے بعد اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقے میں بمباری کی اور کئی گولے داغے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان سے ٹینک شکن میزائلوں سے اسرائیلی فوجی اڈے اور گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے جواب میں لبنان پر میزائل فائر کیے گئے۔ 

دوسری جانب لبنانی وزیراعظم سعد حریری نے امریکا اور فرانس سے بڑھتی کشیدگی میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر اضافی فوج بھجوائی تھی جبکہ گزشتہ اتوار کو حزب اللہ کا گڑھ سمجھے جانے والے بیروت کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی ڈونز گرائے گئے تھے۔ 

اُس حملے سے متعلق حزب اللہ کا کہنا تھا کہ ایک اسرائیلی ڈرون حزب اللہ کے میڈیا دفتر کی عمارت کی چھت پر گرا جس سے تنظیم کا میڈیا سینٹر بری طرح متاثر ہوا تھا جبکہ دوسرا ایک قریبی خالی پلاٹ میں گر کر تباہ ہوا تھا۔

مزید خبریں :