Time 04 ستمبر ، 2019
کھیل

مصباح الحق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ، وقار یونس بولنگ کوچ مقرر



پاکستان کرکٹ بورڈ نے تین سال کے لیے مصباح الحق کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ اور وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کر دیا۔

پی سی بی کی 5 رکنی سلیکشن کمیٹی نے چند روز قبل قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے لیے انٹرویوز کیے تھے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے شامل 5 رکنی پینل میں وسیم خان، بازید خان، اسد علی خان، زاکر خان اور انتخاب عالم شامل تھے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 5 رکنی پینل نے ہیڈ کوچ کے لیے مصباح الحق اور بولنگ کوچ کے لیے وقار یونس کا نام تجویز کیا اور چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کے مطابق مصباح الحق اور وقار یونس کو تین سال کے لیے مقرر کیا گیا ہے جب کہ مصباح الحق تین سال تک سلیکشن کمیٹی کے سربراہ بھی ہوں گے۔

مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہو گی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے شروع ہو گی۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ کوچنگ کے لیے درخواست جمع کرانے والے تمام امیدواروں کے شکر گزار ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہو گا۔

قومی ٹیم کے نومنتخب ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کہا کہ قومی کرکٹ کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ بہت بڑی ذمہ داری ہے اور اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔

مصباح الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے رکن تھے اور انہوں نے کمیٹی سے مستعفی ہو کر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے درخواست جمع کرائی تھی جب کہ وقار یونس ماضی میں دو بار قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور دو مرتبہ بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ مصباح الحق 56 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے چکے ہیں جس میں سے 26 میں قومی ٹیم کامیاب رہی اور 19 میں گرین کیپس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم کو ٹیسٹ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

مزید خبریں :