09 ستمبر ، 2019
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکن ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کے پاکستان نہ آنے پر بیان سامنے آگیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق سری لنکا سے سیریز شیڈول کے مطابق ہوگی اور سینئر کھلاڑیوں کے آنے یا نہ آنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔
پی سی بی کا کہنا ہےکہ سینئر کھلاڑیوں کا پاکستان نہ آنا اور معذرت، سری لنکا کرکٹ کا اندرونی معاملہ ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش رہی ہے کہ سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے کم ازکم ایک میچ پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرسکیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محدود اوورز کی سیریز میں اہم کھلاڑیوں کے نہ آنے کے بعد دسمبر میں ٹیسٹ سیریز کو شدید دھچکہ لگا ہے جس میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچ ہونا ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ میچ اس لیے بعد میں کرانے کا اعلان کیا ہے تاکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیلنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوسکے لیکن سری لنکن بورڈ اپنے سنیئر کھلاڑیوں کو پاکستان لانےکے لئے قائل نہ کرسکا تاہم اس ماہ سیریز سے پاکستان میدانوں میں 10 سال بعد کوئی ون ڈے انٹر نیشنل میچ ہوگا۔
پاکستان 10 سال بعد ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے انٹر نیشنل کی میزبانی کرےگا، 2009 میں آخری بار سری لنکا نے پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلی تھی جو مہمان ٹیم نے 1-2 سے جیت لی تھی۔
سری لنکا کرکٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ کھلاڑیوں کو فری ہینڈ دیا گیا تھا کہ وہ فیصلہ کریں کہ وہ پاکستان کا دورہ کرنا چاہتے ہیں یا نہیں؟ جس پر 10 سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کیا ہے۔
پیر کو کولمبو میں کھلاڑیوں سے ملاقات کے بعد سری لنکا کرکٹ نے اعلان کیا کہ میٹنگ کا مقصد دورے کیلئے ابتدائی اسکواڈ کو حتمی شکل دینا تھی جس میں کھلاڑیوں کو پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
سری لنکا کے سابق ائیرفورس کمانڈر گونا تلیکے جو سیکیورٹی وفد کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان آئے تھے اور سری لنکا کرکٹ کے سیکیورٹی ایڈوائزر ہیں، انہوں نے پاکستان کے حالات اور پاکستان میں حفاظتی انتظامات پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں چیئرمین سلیکشن کمیٹی اسانتھا ڈی میل نے دورے اور مستقبل کی سلیکشن پالیسی پر کھلاڑیوں کو اعتماد میں لیا۔
ڈی میل نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پاکستان کا دورہ کرنے کے حوالے سے آزادی دی گئی۔
سری لنکا کرکٹ کے ترجمان کے مطابق میٹنگ کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نام منظوری کیلئے سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو کو بھیجے جائیں گے۔
وزیر کھیل فرنینڈو نے کہا کہ 'میں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ میں ان کے ساتھ پاکستان جانے کو تیار ہوں۔