Time 12 ستمبر ، 2019
پاکستان

ایل این جی کیس: شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع



ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی گئی۔

جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر نیب حکام کی جانب سے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

نیب حکام کی جانب سے شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ کراچی گیا تھا اور سارا ریکارڈ لے کر خود آیا ہوں، کراچی سے لائے گئے ریکارڈ اور شواہد پر مزید تفتیش کرنا چاہتے ہیں۔

نیب حکام نے بتایا کہ مفتاح اسماعیل کا اب تک 35 دن کا جسمانی ریمانڈ ہو چکا ہے۔

وکیل صفائی وحید حیدر نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کو 23 گھنٹے تنہا رکھا جاتا ہے، کم ازکم لنچ تو شاہد خاقان عباسی کے ساتھ کرنے دیا کریں۔

وکیل حیدر وحید نے نیب کی جانب سے مزید ریمانڈ کی استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ 14 دن کا مزید جسمانی ریمانڈ دینا ناانصافی ہے، جو الزامات لگائے گئے ہیں ان سے مفتاح اسماعیل کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

احتساب عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 26 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

مزید خبریں :