پاکستان
Time 12 ستمبر ، 2019

فزکس پریکٹیکل میں فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبرز بڑھائے جانے کا انکشاف

بیٹے کے نمبروں کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوا، ہر قسم کی انکوائری کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہوں، فیاض چوہان — فوٹو: فائل

پنجاب کے وزیرِ کالونیز فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے ایف ایس سی امتحان میں فزکس کے پریکٹیکل کا نتیجہ تبدیل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے کنٹرولر نے ردوبدل کی اطلاع پر نتیجہ روک کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔

صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے بیٹے فہد حسن نے راولپنڈی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام ایف ایس سی کا امتحان دیا لیکن بورڈ نے فہد حسن کے نتائج جاری نہیں کیے۔

کنٹرولر امتخانات کے خط میں کہا گیا ہے کہ فہد حسن کے فزکس پریکٹیکل کے نمبر 14 سے بڑھا کر 30 کرنے کے الزام میں نتیجہ روکا گیا ہے۔

ذمہ داروں کے تعین کیلئے دو رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ راولپنڈی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹرغلام دستگیر کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے بیٹے کے نمبرز میں تبدیلی پر انکوائری کیلئے خود درخواست دی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیٹے کے نمبروں کی تبدیلی میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں، جو ذمہ دار ہے اس کے خلاف انکوائری کریں۔

چیئرمین بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ فزکس کے پریکٹیکلز 17 جولائی کو ختم ہوئے جبکہ انہوں نے عہدے کا چارج 18 جولائی کو سنبھالا، تحقیقات میں جو بھی ذمہ دار قرار پایا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے کے نمبروں کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوا، وہ اس معاملے میں ہر قسم کی انکوائری کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔

مزید خبریں :