پاکستان
Time 17 ستمبر ، 2019

’وزیراعظم نے آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف کے حصول کی یقین دہانی کرائی ہے‘

آئی ایم ایف کی ریجنل ڈائریکٹر جہاد آزور نے  وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی — فوٹو: آئی ایم ایف 

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ڈائریکٹر برائے مڈل ایسٹ اور وسطی ایشیا  جہاد آزور کا کہنا ہے کہ اہداف کے ازسر نو تعین کی ضرورت نہیں، وزیراعظم عمران خان نے اہداف کے حصول کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 

آئی ایم ایف کی ریجنل ڈائریکٹر جہاد آزور ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور ان کی اقتصادی ٹیم سے ملاقاتیں کیں۔ 

جہاد آزور نے حکومتی اقتصادی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد میں غیر رسمی میڈیا بریفنگ میں شرکت کی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ طے کردہ معاہدے میں اہداف تبدیل نہیں ہوں گے اور ہر تین ماہ بعد اس پروگرام کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام آئی ایم ایف کا نہیں بلکہ حکومت پاکستان کا ہے جس کے تحت آئی ایم ایف 6 ارب ڈالر جبکہ عالمی بینک اور دوسرے مالیاتی ادارے 30 ارب ڈالر سے زیادہ فراہم کریں گے۔

ریجنل ڈائریکٹر آئی ایم ایف کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام سے متعلق پاکستانی معیشت کے 3 ماہ کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، ریونیو کی شرح نمو میں 30 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہداف کے ازسر نو تعین کی ضرورت نہیں، وزیراعظم عمران خان نے اہداف کے حصول کی یقین دہانی کرائی ہے، اہداف کے حصول خاص طور پر توانائی کے شعبے پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے، پروگرام کا بنیادی مقصد ادارہ جاتی اصلاحات ہیں اور اگلے 2 ماہ میں صورتحال مزید واضح ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک قسط پروگرام والا ملک نہیں، خطے میں تیل درآمد کرنے والے ممالک پر قیمتوں میں اضافے کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں، پاکستان کی حکومت ایکسچینج ریٹ کو مارکیٹ بیسڈ بنانے پر کام کر رہی ہے۔

جہاد آزور کا کہنا تھا کہ برآمدات بڑھانے کیلئے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کی ضرورت ہے، گردشی قرض ختم کرنا ہوگا، اداروں کو خود مختاری کی ضرورت ہے، ٹیکس کا بوجھ سب کو اٹھانا چاہیے۔

مزید خبریں :