Time 18 ستمبر ، 2019
پاکستان

محمد وسیم فخر کی علامت، ایسے نوجوانوں کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے، آرمی چیف

محمد وسیم جیسا باصلاحیت نوجوان ہمارے لیے فخر کی علامت ہے اور ایسے نوجوانوں کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے: آرمی چیف کی باکسر محمد وسیم کو تھپکی— فوٹو: آئی ایس پی آر 

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے باکسر محمد وسیم نے ملاقات کی۔

پاکستان کے باکسر محمد وسیم گزشتہ دنوں طویل عرصے بعد مقابلے کیلئے رنگ میں اترے اور اپنے حریف فلپائنی باکسر کانراڈو کو ایک منٹ 20 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کیا۔

پاکستان کے انٹرنیشنل باکسر نے اپنے پروفیشنل باکسنگ کیرئیر کا 12 واں مقابلہ جیتا تھا تاہم جب وہ ملک لوٹے تو کسی بھی حکومتی یا فیڈریشن کے رکن نے ان کا استقبال نہیں کیا۔









محمد وسیم کا پرتپاک استقبال نہ ہونے پر سوشل میڈیا پر ان کے ایک مداح نے افسوس کا اظہار کیا تھا تاہم محمد وسیم نے اس کے جواب میں لکھا تھا کہ وہ ملک میں استقبال کیلئے فائٹ نہیں کرتے بلکہ اس لیے لڑتے ہیں تاکہ دنیا بھر میں پاکستان کا اچھا استقبال ہوسکے۔

بعد ازاں سابق کرکٹر وسیم اکرم نے اس معاملے پر معافی مانگتے ہوئے آئندہ ان کا خود ائیرپورٹ پر استقبال کرنے کا اعلان کیا تھا۔


اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک مہم چلی اور قومی ہیرو کا استقبال نہ کرنے پر شدید احتجاج کیا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس معاملے پر حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیم شکست کے باوجود شہ سرخیوں میں رہتی ہے لیکن دوسرے کھیل والے قومی ہیروز کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔

تاہم اب آرمی چیف نے قومی ہیرو محمد وسیم سے ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے حالیہ کامیابی پر محمد وسیم کو مبارک باد دی۔


آرمی چیف کا کہنا تھا کہ محمد وسیم جیسا باصلاحیت نوجوان ہمارے لیے فخر کی علامت ہے اور ایسے نوجوانوں کو ہمیشہ سپورٹ کریں گے۔

آرمی چیف نے پاکستان کے انٹرنیشنل باکسر محد وسیم کے ساتھ باکسنگ پنچ (مکے) کے انداز میں تصویر بھی بنوائی۔

آرمی چیف کی قومی ہیرو سے ملاقات کے بعد نامی گرامی شخصیات نے بھی محمد وسیم کو مبارکباد دینا شروع کردیا ہے۔


برطانوی باکسر عامرخان نے پاکستان کے انٹرنیشنل باکسر محمد وسیم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد پاکستان آکر محمد وسیم سے ملاقات کریں گے۔

شعیب اختر نے بھی پروفیشنل باکسر محمد وسیم کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ ملک کے اصل ہیرو کے ساتھ کھڑے ہیں۔

مزید خبریں :