18 ستمبر ، 2019
پشاور ہائیکورٹ نے ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان سے منتخب ارکان اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر پر خڑکمر میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پشاور ہائیکورٹ بنوں سرکٹ بینچ میں محسن داوڑ اور علی وزیر کی اپیل پر جسٹس ناصر محفوظ نے سماعت کی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد دونوں ارکان اسمبلی کو 10 لاکھ روپے کے مچلکوں اور دو افراد کی شخصی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔
دونوں ارکان قومی اسمبلی ان دنوں خیبرپختونخوا کی ہری پور جیل میں قید ہیں جہاں سے ان کی رہائی دو سے 3 روز میں متوقع ہے۔
یاد رہے کہ 26 مئی کو ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں پشتون تحفظ موومنٹ کے کارکنان نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں خاڑ کمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا جس میں پانچ جوان زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں حملہ کرنے والے تین افراد مارے گئے تھے۔