دنیا
Time 19 ستمبر ، 2019

افغان صوبے زابل میں کار بم حملہ، 20 افراد ہلاک

فوٹو: سوشل میڈیا

کابل: افغان صوبے زابل کے شہر قلات میں کار بم حملے میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور 100 کے قریب زخمی ہو گئے۔

افغان وزارت دفاع کے حکام کے مطابق حملہ آور زابل میں انٹیلی جنس ایجنسی کے ٹریننگ بیس کو نشانہ بنانا چاہتے تھے لیکن انہوں نے گاڑی اسپتال کے قریب پارک کر دی۔

گورنر زابل نے بھی دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے کا ہدف انٹیلی جنس سروسز کی عمارت تھی۔

صوبائی کونسل کے رکن حاجی عطا جان نے بتایا کہ کار حملے میں 20 افراد ہلاک اور 95 زخمی ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حملے میں افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا تاہم یہ پتہ نہیں کہ وہاں کوئی جانی نقصان ہوا کہ نہیں۔

حاجی عطا نے بتایا کہ ہلاک شدگان کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ بہت سے لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جب کہ شدید زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات ختم ہونے کے بعد افغانستان میں بم دھماکوں اور تخریب کاری کی کارروائیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

دو روز قبل بھی افغانستان میں امریکی سفارتخانے اور صوبے پروان میں ہونے والے بم دھماکوں میں 48 افراد ہلاک ہو گئے تھے، ایک دھماکے میں افغان صدر اشرف غنی بھی بال بال بچ گئے تھے۔

مزید خبریں :