Time 19 ستمبر ، 2019
کھیل

پاکستانی کرکٹرز کو کھانے میں کیا پسند ہے؟ چیف شیف نے بتادیا

شعیب ملک کو کھانے میں پاستا بہت پسند ہے۔ ان کی فرمائش پر انہیں گرین چلی سے بنا پاستا پیش کیا جاتا ہے، چیف شیف کاظم حسین

پاکستانی کرکٹرز مرغن کھانا کھانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ وسیم خان نے چیف ایگزیکٹیو بننے اور مصباح الحق نے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بننے کے بعد قومی اکیڈمی میں کھانوں کا کلچر تبدیل کردیا ہے۔

لاہور کی قومی کرکٹ اکیڈمی میں گذشتہ 13 سال سے بطور ایگزیکٹو شیف ذمہ داریاں نبھانے والے کاظم حسین کا کہنا ہے کہ دراز قد محمد عرفان خوش خوراک ہیں تاہم امام الحق اپنی ڈائیٹ کا خاص خیال رکھتے ہیں۔

ٹیسٹ اوپنر امام الحق دوپہر کے کھانے میں پھل اور دہی پرہی اکتفا کرتے ہیں۔ کاظم حسین نے کہا کہ وہ انتخاب عالم، وسیم باری، سرفراز نواز اور راشد لطیف سمیت کئی نامور کرکٹرز کو کھانا کھلا چکے ہیں مگر ان کی خواہش وزیراعظم پاکستان عمران خان کو اپنے ہاتھ سے تیار پکوان پیش کرنے کی ہے۔ عمران خان کو کھانے کھلانے کی خواہش ہمیشہ رہے گی۔

لاہور کے باسی تو کھانے کے شوقین ہیں مگر کاظم حسین کھانا بنانے کے بھی ماہرہیں۔ کاظم حسین کویہ شوق اپنی والدہ کو کھانا پکاتے دیکھ کر پیدا ہوا۔ ہوم سیریز کے دوران نجی ہوٹل میں رہائش اختیار کرنے والے قومی کرکٹرز کی اکثریت کاظم حسین کے ہاتھ سے بنے پکوان کی فرمائش کرتی ہے۔

کاظم حسین — فوٹو: عبدالماجد بھٹی

شعیب ملک کو کھانے میں پاستا بہت پسند ہے۔ ان کی فرمائش پر انہیں گرین چلی سے بنا پاستا پیش کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب ملک این سی اے میں تیار پکوان کے معترف ہیں۔

کاظم حسین نے کہا کہ این سی اے میں موجود غیرملکی کوچز کیلئے ان کی فرمائش پر بھی مخصوص کھانے تیار کیے جاتے ہیں۔ عام طور پر وہ لزانیہ اور پاستا کھانے کے شوقین ہوتے ہیں۔

کاظم حسین نے واضح کیا کہ خوراک کی تیاری میں کھلاڑیوں کیلئے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس سمیت دیگر ضروری اجزاء کی خاص مقدار کو پیش نظر رکھا جاتا ہے۔

کاظم حسین کو یقین ہے کہ ان کی ٹیم میں شامل تمام اراکین ان کے جانشین بننے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں— فوٹو: عبدالماجد بھٹی

ملک اور بیرون ملک ملازمتیں کرنے والے کاظم حسین نے 2006 میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ایگزیکٹو شیف کی حیثیت سے انٹرویو دیا۔

ایگزیکٹو شیف کی تعیناتی کیلئے آنجہانی کوچ باب وولمر، سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان اور ذاکر خان سمیت 9 رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ عہدے کیلئے 40 سے زائد امیدواروں نے ٹرائل دیے تھے۔ کاظم حسین دیگر 9 اراکین کے ہمراہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کچن میں ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی، قذافی اسٹیڈیم اور پی سی بی کے پکوان سے متعلق دیگر تمام معمالات دیکھنے والے کاظم حسین کو یقین ہے کہ ان کی ٹیم میں شامل تمام اراکین ان کے جانشین بننے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید خبریں :