20 ستمبر ، 2019
سندھ میں ڈینگی کے بعد ملیریا نے بھی شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے اور رواں برس اب تک صوبے میں 50 ہزار افراد ملیریا کا شکار ہو چکے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق رواں سال صوبے میں 50 ہزار سے زائد افراد ملیریا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شہریوں کی تعداد 70 فیصد سے زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری سے جولائی تک ملیریا میں مبتلا 52 ہزار 377 افراد اسپتال پہنچے اور سب سے زیادہ 10 ہزار کیسز ضلع ٹھٹھہ سے سامنے آئے، لاڑکانہ سے 4 ہزار اور کراچی میں 1800 سے زائد متاثرین سامنے آئے۔
بدین، ٹنڈو محمد خان، نوشہرو فیروز، میر پور خاص اور عمر کوٹ میں 3200 سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملیریا سے متاثر ہونے والوں میں ملیریا کی خطرناک ترین قسم فیلسی پریم سے 12 فیصد سے زائد لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب صوبے میں ڈینگی کے وار بھی جاری ہیں، اور ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 232 تک پہنچ گئی ہے۔
ترجمان ڈینگی کنٹرول پروگرام کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں میں 14 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے جب کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 138 ہو چکی ہے۔