Time 21 ستمبر ، 2019
کھیل

’لاہور قلندرز‘ کی نئی شروعات

نیا منصوبہ ملک کے نوجوان کرکٹرز کے مستقبل کیلئے کسی سنگ میل سے کم نہیں ہوگا — فوٹو: فائل 

پاکستان سپرلیگ کی سب سے متحرک فرنچائز ’لاہور قلندرز‘ دیگر فرنچائزز کے مقابلے میں ہمیشہ ہی منفرد رہی ہے۔

قلندرز کا گیم ڈیولپمنٹ پروگرام ہو، یا پھر آسٹریلیا میں اپنے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کا پروگرام، وہ ہر حوالے سے منفرد رہے ہیں اگرچہ پاکستان سپر لیگ کے 4 ایڈیشن میں ’لاہور قلندرز‘ کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی لیکن انتظامیہ کی کاوشیں اور کوششوں کو ہمیشہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا۔

فرنچائز کے ساتھ آئی سی سی کے سابق چیف ایگزیکٹو ہارون لورگارٹ کی وابستگی بھی اہم نوعیت کی حامل قرار دی جا سکتی ہے، پاکستان سپر لیگ 2020ء سے قبل ’لاہور قلندرز‘ کے پلیٹ فارم سے آئندہ چند گھنٹوں میں اہم اعلان سامنے آنے والا ہے۔

اس حوالے سے فرنچائز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے ماضی کے منصوبوں کی طرح ایک اور بڑا قدم ہوگا، ہم ہمیشہ کھیل اور کھلاڑی کے رشتے کو مضبوط کرنے کے خواہش مند رہے ہیں اور اس مثبت سوچ نے ہمارے لیے آگے بڑھنے کے راستوں کا مزید ہموار کیا ہے۔

لاہور قلندرز کا نیا پروجیکٹ ایک منفرد اور جدت سے بھرپور اقدام ہے جس پر فرنچائز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا اور ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید اپنا ہوم ورک تقریباً مکمل کر چکے ہیں۔

جس پروجیکٹ پر فرنچائز کے چئیرمین فواد رانا اور چیف ایگزیکٹو عاطف رانا آئندہ چند گھنٹوں میں اہم اعلان کرنے والے ہیں، وہ ملک کے نوجوان کرکٹرز کے مستقبل کیلئے کسی سنگ میل سے کم نہیں ہوگا۔

دوسری طرف لاہور قلندرز کے اس اہم اعلان میں فرنچائز کی قوت میں بڑے نام کی شمولیت کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت ہوگی۔

مزید خبریں :