پاک سری لنکا پہلا ون ڈے دیکھنے آئی سی سی کے جنرل منیجر کراچی آئیں گے

جیف ایلاڈائزجمعرات کی صبح آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون اور امپائرز کے ساتھ کراچی آرہے ہیں— فوٹو: فائل

کراچی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے جنرل منیجر جیف ایلاڈائز پاکستان کی دعوت پر پاکستان اور سری لنکا کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل دیکھنے کراچی آرہے ہیں۔

جیف جمعرات کی صبح آئی سی سی میچ ریفری ڈیوڈ بون اور امپائرز کے ساتھ کراچی آرہے ہیں۔ آئی سی سی میچ آفیشل کی کراچی آمد سے قبل آئی سی سی کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ شان نورس اور ایڈوانس ٹیم کے ایک رکن منگل کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔

شان نورس امپائروں اور میچ ریفری کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ سری لنکا ٹیم کی آمد سے قبل ان کے سیکیورٹی آفیسر پیر کو کراچی پینچ گئے ہیں۔

سری لنکا کرکٹ ٹیم نے پاکستان آنے کے پروگرام میں تبدیلی کردی ہے۔ مہمان ٹیم منگل کی شب کراچی پہنچ رہی ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سیکیورٹی ایجنسیوں نے سنبھال لیا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم پیر کی شب کراچی پہنچ گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دونوں ٹیموں کی پریکٹس کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ دوپہر 2 بجے سری لنکا کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گی۔ پریکٹس سیشن سے قبل سری لنکا کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرے گا۔

شام 6 بجے پاکستان کرکٹ ٹیم نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ٹریننگ کرے گی۔ پریکٹس سیشن سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کا ایک کھلاڑی نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرے گا۔

جمعرات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پریس کانفرنس کریں گے۔ کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم سرفراز احمد اور سری لنکن کرکٹ ٹیم کے کپتان لاہیرو تھریمانے ٹرافی کے ہمراہ پری سیریز فوٹو سیشن میں شرکت کریں گے۔ فوٹو سیشن کے بعد تھریمانے پری سیریز پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ کراچی میں تین ون ڈے میچز کے بعد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے 3 میچز 5 ، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

سری لنکا کرکٹ ٹیم کی کراچی آمد سے قبل سری لنکا کے سیکیورٹی کنسلٹنٹ کموڈور کانشکا کولارتنے کراچی پہنچ گئےہیں۔ پیر کوسیکیورٹی کنسلٹنٹ نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔

کموڈور کانشکا نے ڈریسنگ رومز سمیت دیگر مقامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے کبھی حصوں میں تبدیلی کے لیے بھی کہا۔ اس موقع پی سی بی کے کرنل عثمان نے انتظامات پر بریفنگ دی۔

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات پر کموڈور کانشکا نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :