Time 24 ستمبر ، 2019
دنیا

حج اور عمرہ پر جانے والے زائرین کیلئے نئی ہدایات

 ویزا کے طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا تو عازمین کو ملک بدر کیا جاسکتا ہے،سعودی وزارت حج و عمرہ ،فوٹو: فائل

سعودی وزارتِ حج وعمرہ کی جانب سے پاکستانی زائرین کو سعودی عرب سفر کرنے سے پہلے بائیومیٹرک کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے  اپنی ویب سائٹ پر ایک سرکلر جاری کیا گیا ہے جس میں پاکستانی حج و عمرہ زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حج یا عمرہ کا ویزہ حاصل کرنے سے پہلے اپنے ملک میں موجود بائیومیٹرک اندراج کے مراکز سے بائیومیڑک کروالیں۔

 سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق اس طرح پاکستانی زائرین  سعودی عرب پہنچنے پر ہوائی اڈوں پر انتظار کی زحمت سے بچ سکیں  گے اور سعودی عرب میں ان کے آسانی سے داخلے کو یقینی بنایاجا سکے گا۔

سرکلر کے مطابق نیا متعارف کرایا جانے والا سیاحتی ای ویزا سعودی عرب کی سرزمین میں داخل ہونے کے بعد حج یا عمرہ ادا کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ 

یہ سیاحوں کو سعودی عرب میں ہونے والے کنسرٹ اور کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کی اجازت دیتا ہے۔ درست ویزا اور دستاویزات کے بغیر سعودی سرزمین پر داخل ہونے والے عازمین کو جرمانے اور مملکت سے اخراج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

سعودی عرب کے وزارتِ حج و عمرہ کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ مملکت سعودی عرب میں داخل ہونے کیلئے بائیومیٹرک معلومات فراہم کرنا لازمی ہے۔ اگر ویزا کے مناسب طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا تو عازمین کو ملک بدر کیا جاسکتا ہے۔

سعودی اہلکار کے مطابق  مقامی ویزا سروس سینٹر میں بائیومیٹرک کے اندراج میں تقریبا 10 منٹ لگتے ہیں جبکہ سعودی عرب میں ائیرپورٹ پر آمد کے وقت جو وقت درکار ہوتا ہے وہ ائیرپورٹ پر لمبی قطاروں پر منحصر ہوتا ہے۔

اس لیے ایک بار جب اپنے ہی ملک میں بائیو میٹرک کا اندراج مکمل ہوجائے گا تو زائرین کو  سعودی عرب میں صرف کسٹم کلیئرنس کرانا ہوگا اور  امیگریشن میں ان کے پاسپورٹ اسٹیمپ کروائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں، سعودی عرب نے ویزا کے صحیح طریقہ کار پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ملک میں آنے والے سیکڑوں زائرین کے داخلے کو مسترد کرکے ہوائی اڈے سے واپس بھیج دیا تھا۔

اس طرح کے واقعات سے بچنے کیلئے ، عازمین حج  اور عمرہ زائرین کو عمومی حج اور عمرہ کمیٹیوں میں رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹوں کے ذریعہ ویزا کے صحیح زمرے کا اطلاق کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :