27 ستمبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان انہیں خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تاریخی خطاب کے حوالے سے ٹوئٹر تعریقی پیغامات سے بھر گیا جبکہ ’عمران خان وائس آف کشمیر‘ عالمی پینل پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
27 فروری 27 ستمبر، میجر جنرل آصف غفور
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے وزیراعظم کے خطاب کو اپنے انداز میں سراہا۔ترجمان پاک فوج نے ٹوئیٹ کیا 27 فروری .........27 ستمبر۔۔
واضح رہے کہ27 فروی 2019 کو بھارتی فوج کی جارحیت کے جواب میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے 2 طیارے مارے گرائے تھے جب کہ ایک پائلٹ ( ابھی نندن) کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔
ایک اور ٹوئٹ میں ترجمان پاک فوج نے وزیراعظم کے آخری گولی اور آخری سانس تک لڑنے کے بیان اورعزم کوسراہا ۔
کشمیری عوام کیلئے جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی، عثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ چند ماہ کے دوران عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ کیا ہے، ان کی کشمیری عوام کیلئے جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ اب دنیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو ہر گز نظر انداز نہیں کرسکتی۔
پہلی بار کشمیریوں کے مصائب بہترین انداز میں دنیا کے سامنے بیان کیے گئے، جہانگیر ترین
تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے ٹوئٹ میں لکھا کہ پہلی بار کشمیریوں کے مصائب دنیا کے سامنے بہترین انداز میں بیان کئے گئے ہیں، وزیراعظم نے اپنے وعدے کو پورا کردکھایا وہ کشمیر کاز کے چیمپیئن ہیں۔
مسٹر خان آپ نے کردکھایا، رمیز راجہ
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے وزیراعظم کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ زبردست مسٹر خان نے آپ نے کردکھایا۔
وزیراعظم نے کشمیر کا مقدمہ بہادری کے ساتھ لڑا، مصطفیٰ کمال
پاک سر زمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم نے کشمیر کا مقدمہ بہادری کے ساتھ لڑا اوراسلامو فوبیا پر بھی بات کرنے کی ہمت کی جو کہ اس سے قبل کسی مسلم رہنما نے نہیں کی۔
یہ عمران خان کی زندگی کا سب سے اہم ، معنی خیز اور تباہ کن اسپیل تھا، فخر عالم
معورف گلوکار، میزبان اور کمنٹیٹر فخر عالم نے وزیراعظم کی تقریر کو کرکٹ کمنٹری کے انداز میں سراہا،ان کا کہنا تھا کہ پہلا اوور موسمیاتی تبدیلی پر تھا جس پر کیچ کرنے کے ساتھ بولڈ بھی کیا، دوسرا اوور منی لانڈرنگ پر تھا جس میں ایل بی ڈبلیو کیا، تیسرے اوور میں اسلامو فوبیا کو رن آؤٹ کیا اور چوتھے اوور میں مودی اور آرایس ایس کو کلین بولڈ کردیا،،فخر عالم کے مطابق یہ عمران خان کی زندگی کا سب سے اہم ، معنی خیز اور تباہ کن اسپیل تھا۔
’پہلی بار ہندو توا دہشت گردی کا ذکر اقوام متحدہ کے سامنے ہوا‘
سوئیڈن کی یونیورسٹی میں پروفیسر اور انڈیا سے تعلق رکھنےو الے معروف ماہر بین الاقوامی امور اشوک سوین نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عمران خان نے توقع کے مطابق جنرل اسمبلی میں کشمیر سے متعلق زیادہ باتیں کیں تاہم اس کے ساتھ انہوں نے آر ایس ایس کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ دہشت گردوں کو تربیت فراہم کررہی ہے جو مسلمانوں کو قتل کررہے ہیں ، یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ہندو توا دہشت گردی کا ذکر اقوام متحدہ اور کسی بین الاقوامی تنظیم کے سامنے ہوا ہے۔
’دنیا کو مستقل اور واضح پیغام کے ذریعے ہی کشمیریوں کی مدد پر قائل کیا جاسکتا ہے‘
امریکی صحافی اور سوشل میڈیا پر پاکستان پر رپورٹنگ کے حوالے سے معروف خاتون سنتھیا ڈی رچی نے وزیراعظم کی تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی چیز پاکستان کو متحد کرسکتی ہے تو وہ مودی کی جانب سے کشمیر میں کئے گئے اقدامات ہیں، اکثر اوقات بحران ہی انسانوں کو متحد کرتے ہیں۔ دنیا کو مستقل اور واضح پیغام کے ذریعے ہی کشمیریوں کی مدد پر قائل کیا جاسکتا ہے۔
عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان اور کشمیر کے ہی نہیں پوری مسلم دنیا کے لیڈر ہیں، حمزہ عباسی
معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان اور کشمیر کے ہی نہیں بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیڈر ہیں اور دنیا میں انسانیت اور اسلام کی بڑی آوازوں میں سے ایک ہیں۔
عمران خان ایک خوددار اور بے خوف شخصیت ہیں، محمد حفیظ
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم محمد حفیظ نے ٹوئیٹ میں کہا کہ عمران خان ایک مضبوط ، خوددار اور بے خوف شخصیت ہیں،مجھے اپنے پاکستانی اور مسلمان ہونے پر فخر ہے کہ میرا آپ جیسا لیڈر ہے۔
عمران خان نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف کشمیریوں کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا، وینا ملک
اداکارہ وینا ملک نے ٹوئٹ کیا کہ عمران خان نے بھارتی ظلم و جبر کے خلاف کشمیریوں کا مقدمہ بہترین انداز میں لڑا، دنیا بھر میں کشمیر پر بات کی جارہی ہے اور کشمیر ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا ہے یہ سب عمران خان کی کرشماتی شخصیت کا نتیجہ ہے ۔
وزیراعظم نے بہترین تقریر کی، ثناء میر
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم نے بہترین تقریر کی ہے جس میں موسمیاتی تبدیلی، منی لانڈرنگ کے سد باب ، اسلامو فوبیا اور پیغمر اسلام ﷺ کی توہین اور مسئلہ کشمیر جیسے اہم موضوعات پر بات کی۔
عمران خان نے بھارتی ظلم و بربریت کی نہ صرف وجوہات بیان کیں بلکہ نتائج پر اپنے خدشات کا بھی اظہار کیا، جبران ناصر
معروف وکیل اور انسانی حقوق کے کارکن جبران ناصر نے ٹوئٹ کیا کہ عمران خان نے کشمیر میں بے جے پی کی زیر قیادت بھارتی ظلم و بربریت کی نہ صرف وجوہات بیان کیں بلکہ ان کے نتائج پر اپنے خدشات کا بھی اظہار کیا۔
معروف اسپورٹس جرنلس زینب عباس نے ٹوئٹ کیا ’کیا تقریر تھی‘۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے ٹوئٹ کیا کہ اگر اقوام متحدہ مقوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت پر کچھ نہیں کرتا تو پھر اس ادارے کی موجودگی کا کیا مقصد بچتا ہے۔
بوم بوم آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ اس تقریر کا بے تابی سے انتظار کررہے تھے،ہمیں اپنے وزیراعظم پر فخر ہے جنہوں نے فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے ہم سب کے دلوں کی ترجمانی کی۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے آج ثابت کیا کہ وہ پاکستان اور اسلام کے بہترین ترجمان ہیں، وہ برصغیر میں امن کے سفیر ہیں اور عالمی رہنما بن کر ابھر رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے بھی وزیراعظم کی تقریر کی تعریف میں ٹوئٹ کیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی 74 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے سلامتی کونسل کی 11 قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، مقبوضہ وادی میں اضافی فوجی نفری تعینات کی اور کرفیو لگاکر 80 لاکھ لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا۔
ان کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افرادکو جانوروں کی طرح بند کیا ہوا ہے، یہ نہیں سوچا گیا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا تو کیا ہوگا، دنیا نے حالات جان کر بھی کچھ نہیں کیا کیونکہ بھارت ایک ارب سے زیادہ کی منڈی ہے، مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے پر خونریزی ہوگی، دنیا نے سوچا کہ مقبوضہ کشمیر میں خونریزی کا کشمیریوں پر کیا اثر ہوگا۔
آخر میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اقوام متحدہ کیلئے ٹیسٹ کیس ہے، اقوام متحدہ ہی تھا جس نے کشمیریوں کو حق خودارادیت کی ضمانت دی تھی۔
اپنے اختتامی کلمات میں وزیراعظم نے کہا کہ ان اقدامات کے بعد عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوائے۔