Time 01 اکتوبر ، 2019
پاکستان

پیپلزپارٹی اور ن لیگ حکومت مخالف آزادی مارچ میں شرکت پر رضامند

شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں آل پارٹیز کانفرس بلانے پر اتفاق کیا گیا: ذرائع — فوٹو: اسکرین گریب 

پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی۔ 

ن لیگ کے صدر شہباز شریف اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ پر گفتگو کی گئی۔ 

ملاقات میں دونوں جماعتوں کے رہنما بھی شریک تھے جن میں راجہ ظفرالحق، رضا ربانی، احسن اقبال، فرحت اللہ بابر سمیت دیگر شامل ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی ملاقات میں آل پارٹیز کانفرس بلانے پر اتفاق کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے  سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کے پاس جانے کا فیصلہ کیا۔ 

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن) نے حکومت مخالف احتجاجی تحریک میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی ہے تاہم مولانا فضل الرحمان کو آزادی مارچ نومبر میں کرنے کی تجویز دی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شریک ہوگی لیکن دھرنے میں شامل نہیں ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات میں اگر کوئی درمیانی راہ نکل آئی تو ہو سکتا ہے کہ بات اخلاقی حمایت سے آگے بڑھ جائے۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اکتوبر میں اسلام آباد لاک ڈاؤن کا اعلان کررکھا ہے اور اس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ 

مزید خبریں :