Time 02 اکتوبر ، 2019
پاکستان

پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو گھر والوں نے بہانے سے بلاکر قتل کردیا

گھر والوں نے لاش بغیر کفن کے مقامی قبرستان میں گڑھا کھود کر دفنادی، پانچ افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا— فوٹو: فائل

فیصل آباد میں پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو اس کے گھر والوں نے بہانے سے گھر بلاکر قتل کردیا اور لاش بغیر کفن کے مقامی قبرستان میں گڑھا کھود کر دفنادی۔

اطلاعات کے مطابق فیصل آباد میں تاندلیُانوالہ کےعلاقے میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی کے بہیمانہ قتل کا انکشاف ہوا ہے، لڑکی نے پسند کی شادی کی تھی۔

اس افسوسناک واقعہ کے بارے میں درج کی گئی ایف ائی ار کے مطابق پولیس کو ایک مخبر کے ذریعے اطلاع ملی کہ نواحی گاؤں ٹھٹہ بیگ آبادی کھڈیاں میں ایک لڑکی پسند کی شادی کیلئے ایک نوجوان کے گھر چلی گئی تھی جسے اس کے ورثاء بہلاکر واپس لے آئے تھے اور اسے غیریت کے نام پر گلا دبا کر قتل کر دیا۔

بعد ازاں لاش کو مقامی قبرستان میں ایک گڑھا کھود کر بغیر کفن کے دفنا دیا گیا۔ پولیس نےا طلاع ملنے پر لڑکی کے والد سے پوچھ گچھ کی تو اس نے واقعے کی تصدیق کر دی جس پر لڑکی کے والد اور دیگر رشتے داروں کے ہمراہ پانچ افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

لڑکی کی لاش والے گڑھے پر پولیس اہکاروں کو تعینات کر دیا گیا ہے اور علاقہ مجسٹریٹ سے گڑھا کھود کر لاش کے پوسٹ مارٹم کیلئے اجازت طلب کر لی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اس مقدمے میں نامزد مقتولہ کے ماموں زاد بھائی کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :