Time 04 اکتوبر ، 2019
کھیل

احمد شہزاد اور عمر اکمل ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کیلئے پرعزم

عمر اکمل تین سال اور احمد شہزاد کی ایک سال بعد قومی ٹیم ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ فوٹو: فائل

احمد شہزاد اور عمر اکمل سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بہترین کارکردگی دکھا کر ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کے  لیے پرعزم ہیں۔

احمد شہزاد اور عمر اکمل کی سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئےٹیم میں واپسی ہوئی ہے، دونوں کرکٹرز کو سیریز کے ممکنہ کھلاڑیوں میں رکھا گیا تھا لیکن ون ڈے سیریز میں موقع نہیں دیا گیا۔

اب امکان ہے کہ 16 رکنی اسکواڈ میں شامل عمر اکمل اور احمد شہزاد کو سری لنکا کے خلاف پلئینگ الیون کا بھی حصہ بنایا جائے گا۔

احمد شہزاد ایک سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں واحد سنچری اسکور کرنے والے احمد شہزاد نے آخری بار 13 جون 2018 کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

اوپنر نے 57 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں  26 اعشاریہ 43 کی اوسط سے 1454 رنز بنا رکھے ہیں جس میں 7 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2014 میں ڈھاکامیں بنگلا دیش  کے خلاف 111 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے والے قومی کرکٹر اس طرز کی کرکٹ میں زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 98 رنز بھی بنا چکے ہیں۔

علاوہ ازیں 2 سال قبل قذافی اسٹیڈیم میں آئی سی سی ورلڈ الیون کے خلاف کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی احمد شہزاد نے 55 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

27 سالہ قومی کرکٹر کا کہنا ہےکہ ٹیم میں کم بیک کرنے پر بہت خوش ہوں کیونکہ کم بیک کرنا کبھی آسان نہیں ہوتا۔ 

احمد شہزاد نے کہاکہ ٹیم میں واپسی کے لیے اعصابی مضبوطی درکار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر دن ایک نیا دن ہوتا ہے، ٹیم سے دور رہ کر اپنی خامیوں پر قابو پانے کا موقع ملا۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے اوپنر نے کہا کہ ہوم کراؤڈ کے سامنے کھیلنا پہلی مرتبہ گرین شرٹ زیب تن کرنے کے مترادف ہے۔

 انہوں نے کہا کہ میرا قذافی اسٹیڈیم کے ساتھ بڑا گہرا تعلق ہے اور یہاں کھیلنے کا ہمیشہ لطف آتا ہے۔ 

احمد شہزاد نے کہاکہ پاکستانی قوم کرکٹ سے بہت پیار کرتی ہے، اپنے ہم وطنوں کے سامنے کرکٹ کھیلنے کے لیے بہت پُرجوش ہوں۔

ان کا کہنا ہے کہ بطور کرکٹر ہمیں میدان میں حوصلہ افزائی درکار ہوتی اور یہ پاکستان سے زیادہ ہمیں کہیں نہیں مل سکتی۔

قومی کرکٹر کاکہنا ہےکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سنچری سمیت بہترین ریکارڈ کے باوجود سری لنکا کے خلاف سیریز میں شمولیت اُن کے لیے ایک نیا آغاز ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں اپنی فٹنس اور فارم کی بدولت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ٹیم میں نمایاں مقام حاصل کرنے کی کوشش کروں گا۔

دوسری جانب مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی بھی 3 سال بعد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

 آخری بار 27 ستمبر 2016 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔

 مڈل آرڈر بیٹسمین نے 82 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1690 رنز بنارکھے ہیں۔ 26.82 کی اوسط سے اسکور کرنے والے عمراکمل کے کیرئیر میں 8 نصف سنچریاں شامل ہیں۔عمر اکمل کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بہترین کارکردگی ورلڈٹی ٹونٹی 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف 94 رنز کی شاندار اننگز ہے۔

مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے کہا کہ قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کے لیے انہوں نے بہت محنت کی ہے۔

عمر اکمل نے کہا کہ مرحوم سسر عبدالقادر کی خواہش تھی کہ جلد قومی کرکٹ ٹیم میں کم بیک کروں۔ 

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں وہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اسے لیجنڈری کرکٹر عبدالقادر اور اپنی والدہ کے نام کریں گے۔

مزید خبریں :