پاکستان
Time 04 اکتوبر ، 2019

برطانوی شاہی جوڑے کی پاکستان میں مصروفیات کیا ہوں گی؟

شاہی جوڑا دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کرے گا، اس کے علاوہ شاہی جوڑا شمالی علاقوں اور مغربی سرحدی علاقوں کا دورہ بھی کرے گا، اعلامیہ — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور کیٹ میڈلٹن کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں۔

شاہی جوڑے کے سیکریٹری اطلاعات کی پریس ریلیز کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر پاکستان کا دورہ کریں گے، یہ شاہی جوڑے کا پہلا دورہ پاکستان ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا دارالحکومت اسلام آباد اور لاہور کا دورہ کرے گا، اس کے علاوہ شاہی جوڑا شمالی علاقوں اور مغربی سرحدی علاقوں کا دورہ بھی کرے گا۔

اپنے دورہ پاکستان کے دوران ولیم اور کیٹ مڈلٹن مجموعی طور پر تقریباً ایک ہزار کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔


اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ شاہی جوڑا نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے پروگراموں میں بھی شرکت کرے گا اور  پاکستانی عوام ، حکومتی رہنماؤں، کاروباری اور فلاحی شعبے میں خدمات انجام دینے والے افراد سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برطانوی جوڑا پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو سمجھنے کی بھی کوشش کرے گا اور شاہی جوڑے کی اس معاملے میں خصوصی دلچسپی ہے۔

اس کے علاوہ برطانوی شاہی جوڑا پاکستان میں سیکیورٹی کی پیچیدہ صورتحال کو سمجھنے کی کوشش کرے گا، اس مقصد کیلئے وہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے میں کردار ادا کرنے والے برطانوی و پاکستانی ملٹری افسران سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

واضح رہے کہ برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کا 13 سال بعد یہ پہلا دورہ ہے، شہزادہ چارلس اور ڈچز آف کارنوال 2006 میں پاکستان آچکے ہیں۔

مزید خبریں :