04 اکتوبر ، 2019
لاہور کے میو اسپتال میں داخل والد کی دیکھ بھال کرنے والا 13 سالہ فہد لفٹ میں پھنس کر جاں بحق ہوگیا۔
میو اسپتال انتظامیہ کے مطابق 13 سالہ فہد کے والد چیسٹ سرجری وارڈ میں زیر علاج ہیں جہاں گزشتہ روز سے بچہ مسلسل لفٹ میں سوار ہوکر اوپر نیچے آجا رہا تھا اور آج لفٹ میں سوار ہونے لگا تو لفٹ چل پڑی جس میں پھنس کر وہ شدید زخمی ہوگیا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ بچے کو علاج کیلئے آئی سی یو منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔
دوسری جانب جاں بحق بچے فہد کے والدین نے بیٹے کی ہلاکت کو انتظامیہ کی غفلت قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ لفٹ آپریٹر موجود ہوتا تو یہ سانحہ پیش نہ آتا۔
اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی انکوائری کیلئے 3 رکنی کمیٹی بنا دی ہے، سی ای او میو اسپتال ڈاکٹر اسد اسلم کا کہنا ہے کہ کسی اہلکار کی غفلت ثابت ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔