پاکستان
Time 05 اکتوبر ، 2019

لائن آف کنٹرول جانے والا جے کے ایل ایف کا قافلہ گڑھی دوپٹہ پہنچ گیا

قافلے کے شرکاء رات گڑھی دوپٹہ میں قیام کے بعد صبح کنٹرول لائن چکوٹھی کی جانب مارچ کریں گے— فوٹو: سوشل میڈیا

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کی اپیل پر  آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) چکوٹھی کی جانب جانے والا قافلہ گڑھی دوپٹہ پہنچ گیا۔

آزادی مارچ کے شرکاء مظفرآباد اپر اڈا، میر واعظ روڈ اور مرکزی شہر سے کنٹرول لائن چکوٹھی کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔

مارچ میں بھمبر، میرپور، کوٹلی، پلندری، پونچھ، باغ، حویلی اور نیلم اضلاع سے بھی قافلے شامل ہیں، یہ قافلے گڑھی دوپٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں  وہ رات قیام کے بعد صبح چکوٹھی کی جانب مارچ کریں گے۔

انتظامیہ کی جانب سے مارچ روکنےکیلئے چناری کے قریب جسکول آبشار پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

شاہراہ سری نگر سے چکوٹھی کی جانب تمام رابطہ سڑکوں پر خار دار تار لگادیے گئے ہیں اور کنٹینرز لگا کر راستے بلاک کردیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے بیان میں خبردار کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر بھارت ایل او سی کے پار حملہ کر سکتا ہے۔ 

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ کشمیری جدوجہد کی حمایت یا انسانی امداد دینے کیلئے ایل او سی پار کرنا بھارتی بیانیے کے ہاتھوں کھیلنے کے مترادف ہو گا، بھارتی بیانیہ کشمیریوں کی مقامی جدوجہد کو اسلامی دہشت گردی قرار دینے کی کوشش کرتا ہے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 13 ستمبر کو مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب میں کہا تھا کہ کنٹرول لائن پر جانے کے خواہاں کشمیری میری کال کا انتظار کریں۔

مزید خبریں :