09 اکتوبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا اور دورہ چین سے واپسی پر وہ اعلیٰ سطح کی مشاورت کے بعد کابینہ میں ردوبدل کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ، وزارت پیٹرولیم، وزارت امورِ کشمیر، وزارت منصوبہ بندی، صنعت و پیداوار سمیت 9 وفاقی وزیروں کے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کو فی الوقت کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ وزیراعظم وزارتِ داخلہ کا قلم دان اپنے پاس بھی رکھ سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وزیراعظم نے وفاقی کابینہ میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے بعد کابینہ میں 8 سے 10 وزراء کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ شفقت محمود کو وفاقی وزارت داخلہ کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے جبکہ علی محمد خان کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔
تاہم وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔