پاکستان
Time 02 اکتوبر ، 2019

وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں تبدیلی کا امکان مسترد

فائل فوٹو: نعیم الحق

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی خبروں کو مسترد کردیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں نعیم الحق نےکہا کہ وزیراعظم سے ملاقات کے بعد تصدیق کرسکتا ہوں کہ کابینہ میں تبدیلی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی فہرست مکمل غلط ہے اور اس میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین پارٹی میں دھڑے بندی کے لیے مسلسل غلط پیغامات پھیلارہے ہیں لیکن ایسا کچھ نہیں ہونے والا ہے۔







واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کابینہ میں تبدیلی کی خبریں زیرگردش ہیں اور اسد عمر کو ایک بار پھر کابینہ میں شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال کو وزیر تعلیم بنائے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کا ترجمان بنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فردوس عاشق اعوان کو ندیم افضل چن کی جگہ پر عہدہ دیا جائے گا، سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے تاہم وہ مشیر کی بجائے سینیٹر بننے کے خواہشمند ہیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت بننے کے بعد اسد عمر وفاقی کابینہ میں وزیر خزانہ کی حیثیت سے شامل تھے لیکن 18 اپریل کو اچانک وہ عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے تھے اور انہیں وزیراعظم عمران خان نے توانائی کی وزرات دینے کا کہا تھا لیکن اسد عمر نے کابینہ میں نہ رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس وقت اسد عمر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین ہیں۔

مزید خبریں :