Time 08 اکتوبر ، 2019
دنیا

طبیعیات کا نوبیل انعام 3 سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر جیت لیا

نوبیل انعام کا اعزاز حاصل کرنے والوں کو 7 لاکھ 38 ہزار برطانوی پاؤنڈ بھی دیئے جائیں گے ،فوٹو:فائل

طبیعیات کا نوبیل انعام برائے 2019 مشترکہ طور پر تین سائنسدانوں کو دیا گیا ہے۔

رواں سال طبیعیات کا نوبیل انعام جیتنے والوں میں ایک 84 سالہ کینیڈین نژاد امریکی سائنسدان جیمز پیبلز اور سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے دو سائنسدانوں 77 سالہ مائیکل میئر اور 53 سالہ دیدیئر کوئلو نے جیتا ہے۔

جیمز پیبلز کو نوبیل انعام کائنات کے ارتقاء کے حوالے سے تحقیق پر اور مائیکل میئر اور دیدیئر کوئلو کو ایک ایسے سیارے کی دریافت پر دیا گیا ہے جس کے گرد ہمارے نظام شمسی کی طرح دیگر سیارے گردش کرتے ہیں۔

نوبیل انعام کا اعزاز حاصل کرنے والوں کو 7 لاکھ 38 ہزار برطانوی پاؤنڈز بھی  دیے جائیں گے جو کہ پاکستانی روپے میں ساڑھے 14 کروڑ روپے کے قریب بنتے ہیں۔

آدھی انعامی رقم جیمز پیبلز کو دی جائے گی جب کہ بقیہ آدھی رقم مشترکہ طور پر دونوں سوئس سائنسدانوں کو دی جائے گی۔

نوبیل انعام ملنے پرپروفیسر دیدیئر کوئلوکا کہنا تھا کہ 25 سال قبل جب ہم نے یہ دریافت کی تھی تو تب ہی لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ تو نوبیل پرائز دریافت ہے۔

لیکن ان گزرے برسوں میں تو میں نے اس کے بارے میں سوچنا بھی چھوڑدیا تھا کیونکہ مجھے پتہ ہے کہ طبیعیات کے شعبے میں بہت کچھ ہوچکا ہے اس لیے ہماری دریافت کو اب کوئی نہیں پوچھے گا۔

پروفیسر کوئلو کا کہنا تھا کہ یہ اعلان ان کیلئے حیرت انگیز ہے اور وہ اب تک اسے ہضم نہیں کرسکے ہیں۔

مزید خبریں :