کاروبار
Time 09 اکتوبر ، 2019

بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپیہ 78 پیسے اضافہ

جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپیہ 78 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے، نیپرا— فوٹو: فائل

اسلام آباد: غریب عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا اور  بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپیہ 78 پیسے اضافہ کردیا گیا۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 1 روپیہ 78 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔

نیپرا کے مطابق بجلی صارفین سے اکتوبر کے بجلی کے بلوں میں یہ اضافہ وصول کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین پر 24.60 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

علاوہ ازیں نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں فی یونٹ بجلی 13 پیسے سستی کی گئی ہے جس کا ریلیف بھی صارفین کو اکتوبر کے بلوں میں دیا جائے گا۔

جون کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ میں صارفین کو 1.60 ارب روپے ریلیف ملے گا۔