کھیل
Time 09 اکتوبر ، 2019

مصباح کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے، سرفراز صرف مہرہ ہے، عاقب جاوید


سابق ٹیسٹ کرکٹرعاقب جاوید نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے، احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانے کا فیصلہ اُن کا نہیں ہے، سرفراز احمد کپتان ہیں ہی نہیں، جیسا کوچ آتا ہے وہ ویسے کپتان بن جاتے ہیں ۔

سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کپتان سرفراز احمد اور کوچ مصباح الحق پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی ڈوریں کوئی اور ہلا رہا ہے، میں مان نہیں سکتا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو کھلانے کا فیصلہ مصباح کا ہے۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ ٹیم سے نکالنے والے اب کیسے دونوں کرکٹرز کو ٹیم میں منتخب کر سکتے ہیں؟

سابق کرکٹر نے کپتان سرفراز احمد کے حوالے سے کہا کہ سرفراز احمد جیسا کوچ آتا ہے ویسے کپتان بن جاتے ہیں، سرفراز احمد کپتان ہے ہی نہیں وہ گراؤنڈ کے اندر کھڑا ایک مہرہ ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ سری لنکا نے پاکستان کیخلاف سیریز سے بہت کچھ حاصل کیا ، سری لنکن کپتان کی نڈر اپروچ ہے۔

خیال رہے کہ سری لنکا نے پاکستان کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شکست دے کر 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔ اس سیریز میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی نے شائقین کے ساتھ ساتھ سابق کرکٹرز کو بھی حیران کیا ہے۔

قومی ٹیم کے اسکواڈ میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کی طویل عرصے بعد واپسی ہوئی ہے لیکن ایک بار پھر دونوں بلے باز کارکردگی نہ دکھاسکے۔

عمر اکمل دونوں میچز میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور احمد شہزاد بھی کوئی بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہار کبھی اچھی نہیں ہوتی لیکن ایسی ٹیم سے ہار جس کے مین پلیئرز نہ ہوں، آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔

وسیم اکرم نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو موقع دینے پر چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کی حمایت کی تھی۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو چانس دے کر مصباح نے کوئی غلطی نہیں کی، ٹاپ رینک ہوکر 10 اہم کھلاڑيوں سے محروم ٹیم سے ہارنا حیرت انگيز ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سری لنکا سے ٹی ٹوئنٹی سیریز ہارنے کا سب کو افسوس ہے لیکن مصباح الحق ابھی آئے ہیں اور ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کرنا چاہتے ہیں جس میں کوئی حرج نہیں، انہیں پورا موقع دینا چاہیے۔

مزید خبریں :