09 اکتوبر ، 2019
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) پاکستان کو رواں سال 2.7 ارب ڈالر قرض دے گا۔
اے ڈی بی کے اعلامیے کے مطابق قرض کی فراہمی پاکستان کے آپریشنز بزنس پلان کیلئے ہوگی اور بزنس پلان سے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کو مدد ملے گی۔
اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ دیگر ترقیاتی پارٹنرز بھی پاکستان کی ترقی کے سفر میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
اے ڈی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو قرض فراہم کرنے کی سالانہ اوسط 2.4 ارب ڈالر تک بڑھ جائے گی، سال 18-2015 کے دوران قرض کی سالانہ اوسط فراہمی 1.4 ارب ڈالر بڑھی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق قرض کی فراہمی مختلف ذرائع سے حاصل فنڈنگ سے ہوگی، خطے کے رعایتی وسائل تک رسائی میں پاکستان کی مدد کریں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر کا قرضہ منظور کیا تھا جو کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں استعمال ہوگا۔
یاد رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے بعد ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے بھی پاکستان کو اربوں ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا۔
اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک 5 سال کے دوران پاکستان کو 10 ارب ڈالر قرض دے گا اور یہ رقم پاکستان کیلئے رعایتی قرضہ ہوگی۔