بھارت میں 7 سَروں والے سانپ کی جِلد کے چرچے


آپ نے دو سَروں والے سانپ کے بارے میں تو سنا ہو گا اور شاید کبھی نہ کبھی دیکھا بھی ہو لیکن اگر سات سَروں والا سانپ کبھی آپ کے سامنے آ جائے تو یقیناً آپ خوفزدہ ہو جائیں۔

بھارتی شہر بنگلورو کا گاؤں مریگودانا گزشتہ روز سے سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کی وجہ وہاں سے ایک سات سَروں والے سانپ کی جلد کا ملنا بتایا جا رہا ہے۔

ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر متعدد سَروں والے سانپ کی جلد کی ویڈیوز نشر ہونے کے بعد ارد گرد کے دیہات سے بڑی تعداد میں لوگ اس عجیب و غریب سانپ کی جلد دیکھنے مریگودانا پہنچے اور بہت سے لوگوں نے تو ہندو اعتقادات کے مطابق سانپ کی جلد کے ارد گرد پوجا بھی کی۔

گاؤں کے ایک شہری نے بتایا کہ 6 ماہ پہلے بھی اسی طرح کی ایک جلد یہاں سے ملی تھی اور آج بھی مندر کے بالکل قریب سے سانپ کی جلد برآمد ہوئی ہے جس کا مطلب ہے کہ اس جگہ کو خاص طاقت حاصل ہے۔

دوسری جانب سانپ پر تحقیق کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا ممکن ہی نہیں ہے، ابھی تک دنیا میں صرف دو سَروں والے سانپ ریکارڈ پر موجود ہیں اور وہ بھی بہت ہی کم ہیں، جیسے انسانوں میں دو سَروں والے بچے پیدا ہوتے ہیں، دو سَروں والے سانپ کا بھی یہی معاملہ ہے۔

سائنس کے مطابق ریپٹائلز میں جلد تبدیل کرنے کے مرحلے کو اکڈیسس کہتے ہیں اور عموماً سانپ اپنی پرانی جلد پر پڑنے والے کیڑے مکوڑوں سے جان چھڑانے کے لیے ایسا کرتے ہیں۔

سانپ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ہر تین ہفتوں سے دو مہینوں کے درمیان اپنی جلد تبدیل کرتے ہیں۔

مزید خبریں :