پاکستان
Time 10 اکتوبر ، 2019

وزیراعظم نے دھرنا روکنے کی کوششوں کا ٹاسک نور الحق قادری کو سونپ دیا


وزیراعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کا دھرنا روکنے کے حوالے سے ٹاسک وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری کو سونپ دیا۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

وزیراعظم نے وفاقی وزیر کو مولانا فضل الرحمان سے رابطوں اور دھرنا روکنے کیلئے کوششوں کا ٹاسک سونپ دیا۔

وزیر اعظم نے دھرنے سے متعلق تمام معلومات بھی طلب کرلیں جبکہ دھرنے کو روکنے یا اس سے نمٹنے کے حوالے سے سفارشات بھی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی جانب سے ٹاسک ملنے کے بعد نورالحق قادری جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے جلد رابطے کریں گے۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو حکومت کیخلاف آزادی مارچ شروع کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔

مولانا فضل الرحمان کے دھرنے پر مسلم لیگ ن کا اب تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آسکا ہے، شہباز شریف کمر درد کی وجہ سے آج نواز شریف سے ملاقات نہ کرسکے، دونوں کی ملاقات میں ہی حکمت عملی طے ہونا تھی۔

 ادھر پیپلز پارٹی نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو ’یس‘ اور دھرنے کو ’نو‘ کہہ دیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دھرنوں کے قائل نہیں لیکن آزادی مارچ کی حمایت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :