Time 12 اکتوبر ، 2019
دنیا

ایران اور سعودی عرب کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں: جواد ظریف

ہم ہمیشہ پڑوسی ملک سعودی عرب سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں: جواد ظریف۔ فوٹو: فائل/ٹوئٹر

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ ریاض اور تہران کے پاس بات چیت کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ترک میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ایران اور سعودیہ کے درمیان ثالثی کے لیے کوشش کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے پاس ایک دوسرے سے بات چیت کے علاوہ دوسری چارہ نہیں ہے، بات چیت براہ راست ہو یا کسی ثالث کے ذریعے، ایران اس کے لیے تیار ہے۔

جواد ظریف نے کہا کہ ہم نےکبھی ثالث کار کو انکار نہیں کیا، ہم ہمیشہ پڑوسی ملک سعودی عرب سے ثالثی یا براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب پڑوسی ملک ہے اور ہمیں ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہنا ہے، سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کے لیے دروازے کھلے ہیں۔

خطے میں ایران کے لیے سب سے بڑے دشمن سے متعلق سوال پر ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل خطے میں سب سے بڑا خطرہ ہے کیونکہ صیہونی ریاست جوہری ہتھیار رکھتی ہے اور وہ کسی بھی بین الاقوامی تخفیف اسلحہ سے متعلق معاہدے میں شامل نہیں۔

جواد ظریف نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جانب سے فلسطین میں غزہ، مغربی کنارے، لبنان اور شام میں روز حملے کیے جاتے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعطم پاکستان عمران خان اتوار کو ایک روزہ دورے پر ایران جا رہے ہیں جہاں وہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے ایرانی قیادت سے بات چیت کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان ایران سے واپسی کے بعد منگل کو سعودی عرب روانہ ہوں گے۔

مزید خبریں :