کھیل
Time 13 اکتوبر ، 2019

پاکستانی ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد نے برطانیہ میں گولڈ میڈل جیت لیا


پاکستانی خاتون ویٹ لفٹر رابعہ شہزاد نے برطانیہ میں ایک اور میڈل جیت لیا۔ 

21 سالہ رابعہ شہزاد نے ایک روز قبل کارڈف میں ویلش اوپن چیمپئن شپ  میں سلور میڈل جیتا تھا، اتوار کو بھی انہوں نے ہمپشائر ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں حصہ لیا اور اس مقابلے میں بھی گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ 

ہمپشائر ویٹ لفٹنگ چمپئن شپ میں ویٹ لفٹرز کو مختلف ویٹ کیٹیگریز میں رکھنے کی بجائے مختلف ویٹس کی لفٹرز کو ایک گروپ میں رکھ کر سینکلیئر پوائنٹس کی بنیاد پر مقابلہ کروایا گیا۔ 

واضح رہے کہ سینکلیئر پوائنٹس میں انفرادی وزن اور اٹھائے جانے والے وزن کی بنیاد پر پوائنٹس ملتے ہیں۔

اس مقابلے میں رابعہ شہزاد نے 144 عشاریہ 48 پوائنٹس حاصل کیے، دوسرے نمبر کی ویٹ لفٹر نے 144 پوائنٹس بنائے تھے۔ 

49 کلوگرام کیٹیگری کی رابعہ شہزاد نے اسنیچ میں 40 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک میں 52 کلوگرام وزن اٹھایا تھا۔

 رابعہ شہزاد کا کہنا ہے کہ یہ ایک مختلف نوعیت کا تجربہ تھا جس میں کامیابی پر وہ بے حد خوش ہیں۔

واضح رہے کہ رابعہ شہزاد نے گزشتہ سال بھی آسٹریلیا میں ہونے والی رالف کیش مین اوپن ویٹ لفٹنگ چیمپیئن شپ کی 55 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن تھا۔

اس سے قبل وہ دبئی میں ہونے والی ایشین بینچ پریس چیمپیئن شپ میں بھی سلور میڈل جیت چکی ہیں۔

مزید خبریں :