کھیل
Time 14 اکتوبر ، 2019

بنگلہ دیش انڈر 16 اور ویمن کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان غیر یقینی صورت حال سے دوچار


‏بنگلہ دیش انڈر 16 اور بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہیں، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ دوروں سے قبل سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کا خواہش مند ہے۔

‏بنگلہ دیش انڈر 16 اور بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے تاحال صورت حال واضح نہیں ہوسکی ہے۔

بنگلہ دیش اور پاکستان انڈر 16 کرکٹ سیریز 25 اکتوبر سے شیڈول ہے جبکہ پاکستان بنگلہ دیش ویمن کرکٹ سیریز 26 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے لیکن دونوں ٹیموں کے دورہ پاکستان غیر یقینی صورت حال سے دوچار ہیں۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نظام الدین چوہدری کا کہنا ہے کہ دورے سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہیں، کلیئرنس بنگلہ دیش حکومت اور سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے دینی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورز کے حوالے سے دونوں بورڈز رابطے میں ہیں۔

پی سی بی کے مطابق دورے شیڈول کے مطابق ہیں، ٹورز سے قبل بنگلہ دیش سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کا خواہش مند ہے۔

دوسری جانب پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کیخلاف سیریز کی تیاریاں کنٹری کلب مرید کے میں شروع کر دی ہیں۔ ان دنوں ٹیموں کے دوروں کے علاوہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان جنوری فروری میں شیڈول ہیں۔

سیریز میں دو ٹیسٹ میچز بھی شامل ہیں جو کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں جبکہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی سیریز کا حصہ ہیں۔

خیال رہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں پاکستان کا کامیاب دورہ کیا ہے۔ مہمان ٹیم کو صدارتی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔ بنگلہ دیش بورڈ کو بھی اسی سطح کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

مزید خبریں :