کھیل
Time 14 اکتوبر ، 2019

آئی سی سی نے زمبابوے کرکٹ بورڈ پر پابندی ختم کردی

پابندی ختم ہونے کے بعد زمبابوے کی ٹیم آئندہ سال جنوری میں ہونے والے انڈر19 ورلڈ کپ میں شرکت کی اہل ہوگئی ہے ،فوٹو: فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے زمبابوے کرکٹ پر عائد پابندی ختم کردی۔

آئی سی سی کے مطابق زمبابوے پر سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ زمبابوے کے وزیر کھیل اور کرکٹ بورڈ حکام سے ملاقات کے بعد دبئی میں ہونے والی بورڈ میٹنگ میں کیا گیا۔

کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کے سربراہ ششانک منوہر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم زمبابوے کی وزیر کھیل کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اپنے ملک میں کرکٹ کی بحالی اور فروغ کیلئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے حکام نے آئی سی سی کی جانب سے تمام شرائط تسلیم کرلی ہیں اور زمبابوے کرکٹ کو فنڈز کی مشروط بحالی کا سلسلہ بھی جلد شروع ہوجائے گا۔

پابندی ختم ہونے کے بعد زمبابوے کی ٹیم آئندہ سال جنوری میں ہونے والے انڈر19 ورلڈ کپ میں شرکت کی اہل ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے رواں سال جولائی کے مہینے میں حکومتی مداخلت اور بورڈ کے آزاد و شفاف انتخابات کرانے میں ناکامی پر زمبابوے کرکٹ کو معطل کردیا تھا۔

پابندی کے بعد سے ٹیسٹ اسٹیٹس کا درجہ رکھنے والی زمبابوے کرکٹ ٹیم عالمی سطح پر کسی بھی کرکٹ مقابلے میں شریک نہیں ہوسکی تھی۔

نیپال پر سے بھی پابندی ختم کردی گئی

دبئی میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں نیپال پرعائد پابندی کو بھی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔

نیپال کرکٹ بورڈ کو بھی 2016 میں حکومتی مداخلت اور بورڈ کے آزاد و شفاف انتخابات کرانے میں ناکامی پر معطل کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :