15 اکتوبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے مسلم دنیا کے دو بڑے ملکوں ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کی کوششیں تیز کردی ہیں اور اسی حوالے سے وہ ایران کے بعد اب سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ اور دیگر حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے پر گورنر فيصل بن بندر اور وزیرمملکت و نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر مساعد بن محمد نے ان کا استقبال کیا۔
بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا۔
وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ایک ماہ کے اندر دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ملاقات تھی۔
وفود کی سطح پر ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، حرمین کے تقدس اور حرمت کیلئے پاکستانی قوم یک آواز ھے۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک سمیت پورے خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں، خطے میں ہر قسم کے تنازعات اور اختلافات کا سیاسی رابطوں اور سفارتکاری سے حل ممکن ہے۔
وزیراعظم نے محمد بن سلمان کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
وزیراعظم کا رواں سال سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہے، اس سے قبل اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ایران کا ایک روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے صدرحسن روحانی اور ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقاتیں کیں تھیں۔