Time 15 اکتوبر ، 2019
پاکستان

نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا: فواد چوہدری

لوگ حکومت کی طرف نوکریوں کیلئے دیکھنا شروع کردیں تو معیشت کا فریم ورک بیٹھ جائے گا: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا تقریب سے خطاب— فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اِس بات پر زور ہے کہ حکومت نوکریاں دے لیکن لوگوں کے ذہنوں میں ڈالنا بہت ضروری ہے کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف نہیں دیکھا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ لوگ حکومت کی طرف نوکریوں کیلئے دیکھنا شروع کردیں تو معیشت کا فریم ورک بیٹھ جائے گا، یہ 70 کی دہائی کی سوچ تھی کہ نوکریوں کیلئے حکومت کی طرف دیکھا جائے، اب نجی شعبہ نوکریاں دیتا ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق حکومت تو 400 محکمے ختم کررہی ہے، نوکریاں حکومت نہیں پرائیوٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے۔


بعدازاں وفاقی وزیر فواد چوہدری کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ حیران ہوں، ہر بیان کو کیسے سیاق و سباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے، میں نے کہا تھاکہ نوکریاں حکومت نہیں پرائیوٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری تلاش کرے۔ 

یاد رہے کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی جلسوں میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بناکر دینے کا اعلان کیا تھا اور یہ تحریک انصاف کے منشور میں بھی شامل تھا۔

کئی وفاقی وزراء بھی ٹی وی پروگرامز میں ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے اعلان پر عمل درآمد سے متعلق بات کرچکے ہیں۔ 

مزید خبریں :