Time 16 اکتوبر ، 2019
دنیا

امریکا کا ایران پر خفیہ سائبر حملہ

فوٹو: فائل

امریکا کی جانب سے ایران پر خفیہ سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو امریکی حکام نے نام ظاہر نا کرنے کی شرط پر بتایا کہ سعودی عرب کی آئل فیلڈ پر 14 ستمبر کو ہونے والے حملے کے بعد امریکا نے ایران پر سائبر حملہ کیا تھا۔

امریکی حکام کے مطابق سائبر آپریشن ستمبر کے آخر میں کیا گیا جس کا مقصد ایران کے پروپیگنڈہ پھیلانے کی صلاحیت کو ٹارگٹ کرنا تھا۔

ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ سائبر حملے سے ایران کے فزیکل ہارڈویئر کو نقصان پہنچا تاہم اس اہلکار کی جانب سے اس حوالے سے مزید کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سائبر حملہ اس بات کو واضح کرتا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کیسے ایران کو قابو کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ 14 ستمبر کو سعودی عرب کی سرکاری آئل فیلڈز کے دو یونٹس پر ڈرون حملے کئے گئے تھے جس کا الزام سعودی عرب اور امریکا نے ایران پر عائد کیا تھا جب کہ ایران نے ان تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا کے پاس تمام شواہد موجود ہیں کہ سعودی آئل فیلڈ پر حملہ ایران سے کیا گیا جس کے ردعمل میں ایران کا کہنا تھا کہ اگر سعودی عرب یا امریکا کی جانب سے ایران پر حملہ کیا گیا تو پھر بھرپور جنگ ہو گی۔

مزید خبریں :