17 اکتوبر ، 2019
سکس آ سائیڈ فٹبال (سوکا) ورلڈ کپ میں ٹیم پاکستان کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستان ٹیم دفاعی چیمپئن جرمنی کیخلاف شاندار کھیل پیش کرنے کے باوجود بھی 2-3 سے ناکام رہی۔
سکس آسائیڈ فٹبال ورلڈکپ یونان کے شہر کیریٹ میں کھیلا جارہا ہے۔ پاکستان ٹیم گروپ ایچ میں شامل ہے، سلوانیہ اور رومانیہ سے بھاری مارجن کی شکست کے بعد بدھ کو پاکستان نے جرمنی کیخلاف قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور دو گول بھی داغے تاہم دفاعی چیمپئن کیخلاف پاکستانی ٹیم سرخرو نہ ہوسکی۔
جرمنی کو 14 ویں منٹ میں ایدمینٹ کے گول کی بدولت برتری مل گئی جسے 22 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد وحید نے برابر کردیا لیکن 2 منٹ بعد ہی جرمنی نے ایک اور گول داغ کر میچ میں ایک بار پھر برتری حاصل کرلی۔
37 ویں منٹ میں جرمنی نے ایک اور گول کرکے اسکور کو 1-3 کردیا تاہم پاکستان کی جانب سے محمد وحید نے 42 ویں منٹ میں ایک اور گول کیا۔
اس کے بعد پاکستان نے مقابلہ پھر برابر کرنے کی کوششیں کیں لیکن تمام کوششیں رائیگاں رہیں اور میچ جرمنی کے حق میں 2-3 کے نتیجے پر اختتام پذیر ہوا۔
پاکستان ٹیم ایونٹ میں اپنا آخری میچ آج کو ہنگری کیخلاف کھیلے گی۔
پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کیوین ریوس نے کہا کہ ٹیم نے کافی بہتر کھیل پیش کیا، امید ہے ہنگری کیخلاف ٹیم اور اچھا کھیلے گی، کوئی ٹیم راتوں رات نہیں بن جاتی بلکہ اچھی ٹیم کی تیاری میں وقت لگتا ہے۔
نائب کوچ گوہر زمان نے کہا کہ جرمنی کیخلاف 2-3 اسکور کرنا بڑی بات ہے، گول کیپر کو یلو کارڈ ملا جس کی وجہ سے تیسرا گول ہوگیا ورنہ مقابلہ برابر ہوتا۔