17 اکتوبر ، 2019
وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے ریاست کو حق ہے کہ وہ ڈنڈا اٹھائے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ کرے۔
جیو نیوز کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ احتجاج سیاسی جماعتوں کا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن 27 اکتوبر کشمیریوں سے یکجہتی کا دن ہے۔
مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حکومت کو گھر بھیجنے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا اور دیگر سیاسی جماعتوں کے حکومت کو گھر بھیجنے کے ارمان دیوانے کی بڑھکیں ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیانیے کی حوصلہ شکنی ہو گی اور قوم کی یکجہتی کو پارا پارا کرنے کی سازش کو حکومت برداشت نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی پنجہ آزامائی کا حل بھی سیاسی ہی ہوتا ہے جب کہ احتجاج سے متعلق عدالت نے بال انتظامیہ کے کورٹ میں ڈال دی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست کو حق ہے کہ وہ ڈنڈا اٹھائے اور عوام کے جان و مال کا تحفظ کرے۔