Time 17 اکتوبر ، 2019
پاکستان

شاہی جوڑے کی لاہور آمد، شہزادی کا اردو میں خطاب

فوٹو: جیو نیوز

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن شمالی علاقہ جات کی سیر کے بعد لاہور پہنچے جہاں انہوں نے کرکٹ بھی کھیلی اور ایس او ایس ولیج میں بچوں سے ملاقات بھی کی۔

لاہور ائیرپورٹ پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر چوہدری محمد سرور نے برطانوی شاہی جوڑے کا ریڈ کارپٹ استقبال کیا۔

شاہی جوڑے نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی۔

شہزادی کا اردو میں خطاب

برطانوی شاہی جوڑا ایس او ایس ولیج گیا جہاں شہزادہ اور شہزادی بچوں میں گھل مل گئے۔


شہزادی کیٹ مڈلٹن نے ایس او ایس ولیج میں 2 بچوں کی سالگرہ میں شرکت کی اور اردو میں خطاب میں کہا کہ آپ سب کا شکریہ اور آپ کو سالگرہ مبارک ہو۔

کرکٹ کے مزے

بعدازاں شاہی جوڑا لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچا جہاں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ان کا استقبال کیا۔


ایم ڈی پی سی بی وسیم خان نے شاہی جوڑے کو قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس اور کھلاڑیوں سے متعارف کرایا اور پھر شہزادی مڈلٹن نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ بھی کھیلی۔

شاہی جوڑے کا دورہ بادشاہی مسجد


پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کو لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کروایا گیا۔ اس موقع پر شہزادی مڈلٹن نے سبز رنگ کی شلوار قمیض زیب تن کر رکھی تھی اور احتراماً سر پر دوپٹہ بھی اوڑھ رکھا تھا۔

بادشاہی مسجد میں شاہی جوڑےکی مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کروائی گئی جس میں مذہبی رواداری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

شوکت خانم کینسر اسپتال کا دورہ


شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن شوکت خانم اسپتال بھی گئے، جہاں انہوں نے کینسر کے مریض بچوں کی عیادت کی۔

برطانوی مہمانوں کی آمد کے موقع پر اسپتال میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پیج سے شہزادہ ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا کی یادگار تصویر بھی شیئر کی گئی۔


یہ تصویر لیڈی ڈیانا کے 97-1996 میں شوکت خانم اسپتال کے دورے کے موقع پر لی گئی تھی۔

مزید خبریں :