Time 17 اکتوبر ، 2019
کھیل

تیسری رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ محمد آصف نے جیت لی


کراچی میں ہونیوالی تیسری رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ محمد آصف نے جیت لی۔

کراچی جیم خانہ میں ہونے والی چیمپئن شپ کا فائنل ملک کے دو تجربہ کار کیوئسٹس  ٹاپ سیڈ محمد آصف اور سابق چیمپئن محمد سجاد کے درمیان کھیلا گیا۔

بیسٹ آف تھرٹین فریم کے فائنل میں محمد آصف نے ابتدائی 2 فریمز جیت کر برتری حاصل کی۔ ان دونوں فریمز میں ایک موقع پر سجاد کو برتری حاصل تھی لیکن کلرز پر مسنگ کے بعد آصف نے آخری لمحات میں کلیئرنس کرتے ہوئے بازی پلٹ لی۔

اگلے پانچ فریمز میں سے سجاد نے 4 فریمز جیت کر ساتویں فریم کے اختتام پر 3-4کی برتری حاصل کرلی۔

پہلے سیشن کے آخری فریم میں محمد آصف نے بہتر کیو کنٹرول کا مظاہرہ کیا اور مقابلہ 4-4 کردیا۔

نویں فریم میں ایک موقع پر محمد سجاد کو 40 پوائنٹس کی برتری حاصل تھی لیکن ان کی ایک مسنگ کا آصف نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور برتری اپنے نام کرلی ۔ اس کے بعد آصف نے مزید دو فریمز زیادہ مزاحمت کے بغیر جیت کر 4-7  سے فتح  اپنے نام کی۔

محمد آصف کی محمد سجاد کےخلاف فتح کا اسکور 61-53، 64-62 ، 36-78، 13-79، 83-27، 38-61، 69-49، 69-64، 55-13 اور 68-14 رہا۔

جیت کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں محمد آصف نے کہا کہ میچ میں دونوں کھلاڑی 100 فیصد کارکردگی نہ دکھا سکے اور بہت مسنگ کی، فائنل میں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

چیمپئن شپ جیتنے والے کیوئسٹ نے مزید کہا کہ ان کو بال فیور زیادہ ملا جس کی وجہ سے وہ سرخرو ہوئے۔

دوسری جانب سابق چیمپئن محمد سجاد کہنا تھا کہ نویں فریم میں ایک مسنگ ان کو بھاری پڑ گئی جس کے بعد انہیں میچ میں واپس آنے کا موقع نہ مل سکا۔

فاتح محمد آصف کو ایک لاکھ، جب کہ رنر اپ محمد سجاد کو 40 ہزار روپے کا انعام دیا گیا۔

مزید خبریں :