ٹیسٹ اسپنر ندیم خان قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر مقرر


پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےسابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان کو قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا کوآرڈینیٹر مقرر کردیا البتہ ندیم خان کا سلیکشن کمیٹی میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔

ندیم خان نے یہ عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز کو خیر باد کہہ دیا ہے۔وہ دو سال سے ملتان سلطانز کے منیجر تھے۔

ندیم خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فیصلے سے ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کو آگاہ کر چکے ہیں۔

کوآرڈینیٹر کا عہدہ سنبھالنے والے ندیم خان کا شمار سلیکشن کمیٹی کے اراکین میں نہیں ہوگا۔ ندیم خان صوبائی ٹیموں کے کوچز اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔

کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ 6 کوچز سے رابطہ کرکے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی رپورٹ تیار کرکے سلیکشن کمیٹی کو دیں گے۔

چھ ریجنل کوچز سے مسلسل رابطے میں رہنا اور ملک بھر میں جاری ڈومیسٹک کرکٹ میچوں کو دیکھ کر مفصل رپورٹ تیار کرنا ندیم خان کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کاکہنا ہے کہ ندیم خان کا شمار پاکستان کے انتہائی معتبر کرکٹرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا وسیع علم رکھنے والے ندیم خان ایمانداری سے کام کرتے ہیں۔

وسیم خان نے کہا کہ مصباح الحق کی بطور ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر تقرری کے وقت پی سی بی نے واضح کیا تھا کہ وہ مصباح الحق کو اپنے اہداف کے حصول میں مکمل مدد کریں گے اور ندیم خان کی تقرری اس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

49 سالہ ندیم خان پاکستان کیلئے 2 ٹیسٹ، 2 ایک روزہ میچوں میں نمائندگی کے ساتھ ساتھ 153 فرسٹ کلاس میچز بھی کھیل چکے ہیں۔

ندیم خان 17-2016 میں قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ رہ چکے ہیں۔ وہ 2 مرتبہ ایشیاکپ میں اور ایک بار آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے منیجررہ چکے ہیں۔

مزید خبریں :