کھیل
Time 17 اکتوبر ، 2019

کیا واقعی اظہر علی نے سرفراز احمد کو سائیڈ لائن کردیا؟

شاہی جوڑے کی این سی اے آمد کے موقع پر سرفراز احمد تو موجود نہیں تھے البتہ اظہر علی کو ضرور مدعو کیا گیا تھا— فوٹو: پی سی بی

برطانوی شاہی جوڑے کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) آمد کے موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی کمی محسوس کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلنے میں مصروف کھلاڑیوں کو مدعو نہیں کیا گیا تھا۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سرفراز احمد کے ستارے گردش میں ہیں، انہیں ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹانے کی ہی نہیں ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ کرنے کی بھی باتیں ہو رہی ہیں اور ان کی جگہ کپتانی اظہرعلی کو دیے جانے کا امکان ہے۔

پھر ایسے میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں برطانوی شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر تینوں فارمیٹ میں کپتانی کرنے والے سرفراز احمد تو موجود نہیں تھے البتہ صرف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے اظہر علی کو ضرور مدعو کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی اسکواڈز کے انتخاب کے سلسلے میں ہونے والی ابتدائی مشاورت میں بھی سرفراز احمد شامل نہیں تھے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں شریک کسی کھلاڑی کو این سی اے نہیں بلایا، رہی بات سلیکشن کی تو ابھی کوچز میں مشاورت شروع ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ برطانوی شاہی جوڑے کی این سی اے آمد کے موقع پر صرف اظہر علی، حسن علی اور شاہین آفریدی موجود تھے۔

حسن علی اور شاہین آفریدی فیصل آباد میں جاری نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں ہیں۔

مزید خبریں :