17 اکتوبر ، 2019
رواں ماہ بنگلا دیشی ویمن اور انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے بنگلا دیشی وفد کراچی پہنچ گیا۔
پاکستان میں بنگلا دیش کی مختلف ٹیموں کی کرکٹ سیریز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بنگلا دیش کا چار رکنی وفد جمعرات کی شام کراچی پہنچا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اور سیکیورٹی منیجر کرنل عثمان نے وفد کا استقبال کیا۔
بنگلا دیشی وفد میں کرنل عتیق الزمان، کمانڈر محمد رحم الحسین، محمد شریف اور راسل رانا شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق اس وفد کے تمام اراکین بنگلا دیشی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندے ہیں جو یہاں سیکیورٹی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور اپنی رپورٹ بنگلا دیشی حکومت کو دیں گے جواس رپورٹ کی روشنی میں بنگلا دیشی بورڈ کو دورے کے حوالے سے اپنا مؤقف دے گی۔
بنگلا دیشی وفد جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا۔ اس کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں بھی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی 23 اکتوبر جبکہ انڈر16 ٹیم کی آمد 22 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم نے آئندہ سال جنوری فروری میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔